نوازشریف نے جو کہا حقائق پر مبنی، بلاول کا بیان ذاتی رائے ہے: مریم اورنگزیب

Published On 06 November,2020 02:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف جو بتا رہے ہیں وہ حقائق پر مبنی ہے، بلاول بھٹو کا نوازشریف سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہے۔

ترجمان ن لیگ نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف جو کہتے ہیں اس کے گواہ قائد ن لیگ خود اور پاکستان کی عوام ہیں۔ سابق گورنر سندھ اور لیگی رہنما محمد زبیر نے بھی نوازشریف کا موقف واضح کیا، ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ہمارے اتحادی ہیں انکی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، 2013سے 2018 تک ن لیگ کی حکومت تھی، پیپلزپارٹی کی نہیں، ہم عدالت میں نہیں کہ ثبوت پیش کریں۔ سب سے پہلے سلیکٹڈ بلاول بھٹو نے کہا تھا ہم نے نہیں، اگر عمران خان سلیکٹڈ ہیں تو سلیکٹ کرنے والا کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کہانیوں کی بنیاد پر بات نہیں کر رہے، پاکستان میں سویلین بالادستی کیلئےتحفظات کا اظہارپی ڈی ایم پلیٹ فارم سے کیا گیا۔ 

قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ نوازشریف کی جانب سے فوجی قیادت کا براہ راست نام لینا ان کا ذاتی فیصلہ اور میرے لیے ایک دھچکا تھا، انتظار ہے وہ کب ثبوت پیش کریں گے۔ عام طور پر ہم جلسوں میں اس طرح کی بات نہیں کرتے، نواز شریف کی اپنی جماعت ہے اور میں انہیں کنٹرول نہیں کرسکتا، نہ میں ان کو کنٹرول کرسکتا ہوں نہ وہ مجھے، ہمارا ایجنڈا اے پی سی میں طے پانے والی قرارداد میں واضح ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا میاں صاحب نے بغیر ثبوت کسی کا نام نہیں لیا ہوگا، کورونا کے باعث نواز شریف سے براہ راست ملاقات کا موقع نہیں ملا، نواز شریف سے ملاقات ضروری ہے تا کہ معاملے پر تفصیل سے بات کروں، حکومتوں میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کی تحقیق کیلئے کمیشن بنایا جائے۔