چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کا پہلے فیبریکیٹڈ ہاؤس کا افتتاح

Published On 09 November,2020 05:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انور علی حیدر نے کوریا کی کمپنی جی سونگو کی جانب سے پاکستان میں پہلے فیبریکیٹڈ ہاؤس کا افتتاح کیا۔

پیر کو پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں کمپنی کی جانب سے فیبریکیٹڈ ہاؤس کا ڈیمو پیش کیا گیا جس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، ڈپٹی چیئرمین میجر جنرل (ر) عام اسلم خان سمیت کمپنی کے نمائندوں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ متوسط اور غریب طبقات کو کم لاگت کے گھروں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لئے حکومت بلڈرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

کمپنی کی جانب سے چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو بریفنگ دی گئی۔ کمپنی کے نمائندے نے بتایا کہ دو بیڈ رومز پر مشتمل گھر سات یوم میں تیار کیا گیا ہے۔ دیگر خصوصیات کے ساتھ اس گھر کی لائف 50 سال ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس گھر کی تیاری میں استعمال کیا جانے والا مٹیریل درآمد کیا گیا ہے جبکہ اسے ملک کے اندر بھی تیار کیا جا سکتا ہے۔ اس گھر کی تیاری میں انسولیشن والز استعمال کی گئی ہیں جو روایتی گھر کے مقابلہ میں 43 گنا بہتر ہیں جبکہ یہ گھر آتشزدگی اور زلزلہ کے خطرات سے بھی محفوظ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری کمپنی چار منزلہ گھر اور اپارٹمنٹس تعمیر کر سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی سے نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی بلکہ ٹیکنالوجی کی حامل تعمیراتی اور ملحقہ شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

کمپنی کے نمائندے نے کہا کہ ان کی کمپنی نے وزیراعظم عمران خان کے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے وژن میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ کمپنی سالانہ 18 ہزار گھر اور اپارٹمنٹس تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مزید پیداواری سہولیات کے ساتھ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کمپنی کی جانب سے تیار کئے جانے والے پہلے فیبریکیٹڈ گھر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی میجر جنرل (ر) عامر اسلم خان اور دیگر سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔