لاہور: (ویب ڈیسک) کراچی میں کھیلے جانے والے قائداعظم ٹرافی کے 9 ویں میچ میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 75 رنز سے ہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق 262 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم 187 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عمر صدیق 56 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، دیگر کھلاڑیوں میں مختار احمد 38، ذیشان اشرف 15، سلمان علی آغا 25، محمد عرفان 16، محمد الیاس 22 رنز بنا سکے۔ خالد عثمان نے چار جبکہ ساجد خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا کی ٹیم دوسری اننگز میں 246 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔ مصدق احمد 86، ریحان آفریدی 51 اور ذہیب خان 40 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ محمد عباس نے چار وکٹیں حاصل کیں تھی۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا نے پہلی اننگز میں 304 رنز بنائے تھے، عادل امین 90 اور کامران غلام 64 رنز کیساتھ نمایاں رہے تھے۔ محمد عباس نے 6 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں 288 رنز بنائے، حسین طلعت نے 131 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تھی، محمد عرفان 73 رنز کیساتھ نمایاں رہے تھے۔ ساجد خان نے 6 شکار کیے تھے۔