محمد عامر کی محمد یوسف کو باؤلنگ کرانے کی ویڈیو وائرل

Published On 05 November,2020 05:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی سابق کپتان محمد یوسف کو نیٹ میں باؤلنگ کروانے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے نیٹ میں محمد عامر کی گیند پر سٹریٹ ڈرائیو کھیلی جس کی وائرل ویڈیو کو مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔

46 سالہ محمد یوسف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سٹریٹ ڈرائیو‘۔

فاسٹ باؤلر محمد عامر نے لکھا کہ یوسف بھائی سلپ والی نہیں لگائی لیکن آپ لیجنڈ ہیں اور ہمیشہ رہیںگے۔

سابق کپتان راشد لطیف نے لکھا کہ خوبصورت آن ڈرائیو، بہترین ٹائمنگ۔

ایک صارف یاسر علی ہاشمی محمد یوسف کی جانب سے سابق کرکٹر ہونے کے باعث نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی سہولیات کے استعمال پر خوش نظر نہیں آئے اور ٹویٹ کیا کہ ’’یوسف بھائی! پیشگی معزرت کے ساتھ، اصولی طور پر یہ اختیارات کا غلط استعمال ہے۔

آپ کا کام نوجوانوں کی کوچنگ کرنا ہے جس کا آپ کو معاوضہ ملتا ہے نہ کہ NCA کی سہولیات کو اپنے شغل کے لئے استعمال کرنا‘‘۔

واضح رہے کہ محمد یوسف نے 1998ء سے 2010ء کے دوران 90 ٹیسٹ، 288 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 7530، 9720 اور 50 رنز سکور کیے۔ ٹیسٹ کیریئر میں یوسف نے 24 اور ون ڈے کیریئر میں 15 سنچریاں سکور کیں۔

محمد عامر 2009ء سے اب تک 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 50 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، عامر نے ٹیسٹ میں ریٹائرمنٹ تک 119، ون ڈے میں اب تک 81 اور ٹی ٹونٹی میں 59 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

خیال رہے کہ محمد عامر نے چیمپئنز ٹرافی 2017ء کے فائنل میں قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے شیکھر دھون، روہت شرما، اور ویرات کوہلی کی وکٹیں حاصل کی تھیں، 6 اوورز میں 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔۔