بابراعظم کو ٹیسٹ قیادت سنبھالنے کیلئے گرین سگنل مل گیا

Published On 04 November,2020 11:33 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے کیلئے گرین سگنل دے دیا۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی کی جانب سے گرین سگنل مل جانے پر بابر اعظم ٹیسٹ قیادت سنبھالنے کیلئے ذہنی طور پر تیار ہو گئے ہیں تاہم باضابطہ اعلان سے قبل موجودہ کپتان اظہرعلی کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا جن سے اس ضمن میں تاحال کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہرعلی کیلئے حالات ویسے بھی سازگار نہیں کیونکہ ان کی ٹیم سینٹرل پنجاب قائد اعظم ٹرافی کے ابتدائی دو میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھ چکی ہے اور یہ بات واضح ہے کہ طویل فارمیٹ کی قیادت ان کے ہاتھوں سے پھسل چکی ہے۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم انتظامیہ سے مشاورت کے بعد 11 نومبر تک دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی سینئر اور پاکستان شاہینز کے 35 رکنی اسکواڈ کے اعلان کا پلان کرلیا ہے اور امکان ہے کہ پاکستان شاہینز کی قیادت کا منصب نوجوان روحیل نذیر کو سونپا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ انگلش ٹور پر بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری نبھانے والے یونس خان سمیت دیگر ٹیم انتظامیہ ارکان کی لسٹ کو بھی اگلے ہفتے ہی فائنل کیا جائے گا جس میں اٹھارہ سے بیس افراد شامل ہو سکتے ہیں۔