لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے امید کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ تین سالوں میں تمام بڑی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرینگی۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاک زمبابوے دوسرے ون ڈے میچ کے دوران ریڈیو پاکستان کے کمنٹری باکس دوران گفتگو کیا۔
احسان مانی نے مکمل ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ کلینڈر پر بات کرتے ہوئے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے زمبابوے ٹیم کی سپورٹ کو سراہا اور کہا کہ اس پر مہمان ٹیم کے شکر گزار ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر ملک میں کھیل کے فروغ کیلئے ریڈیو پاکستان کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں کھیل کے فروغ اور اس کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کیلئے پرعزم ہے۔