کپتانی چھوڑ کر بیٹنگ پر توجہ دو: شعیب اختر کا اظہر علی کو مشورہ

Published On 28 October,2020 04:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹیسٹ فارمیٹ میں مسلسل ناکام میں جانے والے کپتان اظہر علی کو سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے عہدہ چھوڑ کر بیٹنگ پر توجہ کا مشورہ دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیسٹ کپتان اظہر علی کی بیٹنگ فارم گذشتہ 2 برس سے عدم تسلسل کا شکار ہے، چند اچھی اننگز کے سوا زیادہ تر وہ ناکام ثابت ہوئے ہیں،گزشتہ برس اکتوبر میں سرفراز احمد کی جگہ ان پر قیادت کی ذمہ داری بھی ڈال دی گئی جس سے وہ مزید مشکلات کا شکار ہوگئے، اب انھیں ٹیسٹ کپتانی سے ہٹانے کی اطلاعات زیرگردش ہیں۔

صورتحال میں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اظہر علی کو قیادت چھوڑ کر صرف بیٹنگ پر ہی توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

انٹرویو میں انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اظہر کو زبردستی کپتان بنایا گیا تھا۔ ان کو شروع میں ٹیسٹ کپتان نہیں بننا چاہتے تھے مگر زبردستی انھیں اس پر مجبور کیا گیا، پی سی بی نے غیرضروری طور پر ان پر دبائو بڑھایا اور اب تبدیل کیا جارہا ہے۔

راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میرا اظہر کو مشورہ ہے کہ وہ اپنے کھیل پر توجہ دیں اور اس بات کا اعلان کریں کہ کیا وہ ٹیم کی قیادت کرنا چاہتے بھی ہیں یا نہیں، اگر آپ کے سر پر معزولی کی تلوار لٹک رہی ہو تو ایسے میں کام کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔