قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ: سدرن پنجاب نے ناردرن کو ہرا دیا، زاہد محمود کی دس وکٹیں

Published On 27 October,2020 07:41 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں سدرن پنجاب نے ناردرن کو ایک اننگز اور 96 رنز سے پچھاڑ دیا، زاہد محمود کی 10 وکٹوں شکار کیے، سدرن پنجاب نے کامیابی کے ساتھ میچ کے مکمل 28 پوائنٹس حاصل کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ قائد اعظم ٹرافی میں این بی پی سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے چار وزہ میچ میں تیسرے روز ہی فیصلہ ہوگیا، سدرن پنجاب نے گزشتہ سال کی فائنلسٹ ناردرن کو ایک اننگز اور 96 رنز سے ہرادیا۔ اسپنر زاہد محمود نے میچ میں 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ کے تیسرے روز تین وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والی ناردرن کی پوری ٹیم 65.1 اوورز میں 246 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ حماد اعظم نے 79 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے زاہد محمودنے میں 57 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں ناردرن اپنی پہلی اننگز میں 165 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ جواب میں سدرن پنجاب نے ڈبل سینچری اسکور کرنے والےطلعت حسین کے 253 اور کپتان شان مسعود کے134 رنز کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 507 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔

یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس میں بلوچستان اور کے پی کے درمیان میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا۔ کے پی کو جیت کے لیے میچ کے آخری روزمزید 280 رنز جبکہ بلوچستان کو6 وکٹیں درکار ہیں۔

اس سے قبل 195 رنز کی سبقت پانے والی بلوچستان کی ٹیم نے 8وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈیکلیئرڈ کردی۔ سمیع اسلم نے 48 اور یاسر شاہ نے41رنز بنائے۔تیمور علی 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے ساجد خان نے دوسری باری میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مجموعی طور پر 413 رنز کے تعاقب میں کے پی مشکلات کا شکار ہے۔

تیسرے روز کھیل کے اختتام تک133 رنز پر اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔ عادل امین 56 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں، کامران غلام نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ کاشف بھٹی نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

ادھرنیشنل اسٹیڈیم میں فواد عالم کی سینچری کی بدولت سندھ نے پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے خلاف 32 رنز کی سبقت حاصل کی تاہم دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنانے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو میچ کی دوسری اننگز میں مجموعی طور پر 88 رنز کی سبقت حاصل اور اس کی 6 وکٹیں محفوظ ہیں ۔عثمان صلاح الدین 35 اور محمد سعد 26 رنز کے ساتھ کریز پرہیں۔ محمد عمر اور محمد اصغر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں سندھ کی ٹیم پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے 207 رنز کے جواب میں 239 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سندھ نے 6 وکٹ کے نقصان پر 196 کے ساتھ اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی۔فواد عالم 90اور تابش خان 17 رنز کے ساتھ کھیلنے کے لیے آئے،فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی 35 ویں سنچری مکمل کرنے والے فواد عالم 115 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ تابش خان نے 24 رنز بنائے۔ اظہر علی نے 29،احمد شہزاد نے19، کامران اکمل نے 4 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی، وقاص مقصود نے 4اور حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔