لاہور: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی حقیقی تکمیل کے خواہاں ہیں جن کا کہنا ہے کہ اس کے میچز اسی طرح کھیلے جائیں جیسے پلان کئے گئے تھے خواہ اس کیلئے ایونٹ کا دورانیہ ہی کیوں نہ بڑھانا پڑے۔
آئی سی سی حکام آئندہ برس جون میں فائنل ممکن بنانے کیلئے ملتوی شدہ میچوں کے پوائنٹس کی تقسیم کے ساتھ مارچ تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچوں کو قابل غور سمجھنے کے آپشنز پر کام کر رہے ہیں لیکن مصباح الحق کا خیال ہے کہ کووڈ 19 کی صورتحال کے باوجود آئی سی سی چیمپئن شپ کی تکمیل کو اسی طرح ممکن بنائے کہ ہر ٹیم کو اپنے شیڈول میچز کھیلنے کا موقع ملے کیونکہ ایونٹ ری شیڈول نہ کیا گیا تو ہر ٹیم کو فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کا شفاف موقع نہیں مل سکے گا۔
آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی آئندہ ماہ اس بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی لیکن مصباح الحق کے مطابق عالمی وبا سے متاثرہ میچوں کا انعقاد ممکن بنانے کیلئے ٹورنامنٹ کا دورانیہ بڑھایا جائے اور اب یہ آئی سی سی پر منحصر ہے کہ وہ تمام ٹیموں کو یکساں مواقع کی فراہمی کیسے ممکن بناتی ہے۔