لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد نہ ہونے کے باعث پاک کیویز کے درمیان ہونے والی سیریز میں تماشائی شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز کے دوران تماشائیوں کی رونقیں بھی ہوں گی جب کہ ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کر دیا گیا، کورونا وائرس کے بعد نیوزی لینڈ میں ہونے والی پہلی انٹرنیشنل سیریز نومبر میں ہوگی جس میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی، بعد ازاں پاکستان ٹیم 18، 20 اور 22 دسمبر کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد 2 ٹیسٹ بھی کھیلے گی، پہلا 26دسمبر اور دوسرا 3 جنوری سے شروع ہوگا۔
ابھی تک انگلینڈ میں ہونے والے انٹرنیشنل میچز تماشائیوں کے بغیر ہوئے، زمبابوے کے خلاف پاکستان کی ہوم سیریز میں بھی سٹینڈز خالی ہوں گے، کورونا پر قابو پانے والے پہلے ملک نیوزی لینڈ کے کرکٹ سٹیڈیمز میں تماشائیوں کا شور اور تالیوں کی گونج سنائی دے گی جبکہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈکرکٹ کے چیف ایگزیکٹوڈیوڈ ڈائٹ کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرکے ہمیشہ خوشی ہوئی ہے اورانہیں یقین ہے کہ اس مرتبہ بھی مداحوں کو ان دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز کا انتظارہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 1965 سے نیوزی لینڈ کا دورہ کررہی ہے اور اس دوران ماجد خان، حنیف محمد، ظہیر عباس، جاوید میانداد،عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے ستارے اس سرزمین پر ایکشن میں نظر آچکے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں سال بھی نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والے پاکستان کے اسکواڈ میں بہت باصلاحیت اور قابل کھلاڑی شامل ہوں گے۔