قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون: حسین طلعت نے شاندار ڈبل سنچری جڑ دی

Published On 26 October,2020 09:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوسرے روز سدرن پنجاب کے حسین طلعت نے شاندار ڈبل سنچری جڑ دی۔ سندھ کے فواد عالم 90 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی میں جاری قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے دوسرے روز سدرن پنجاب اور بلوچستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔ این بی پی سپورٹس کمپلیکس میں سدرن پنجاب نے 507 رنز نو کھلاڑی آوٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی حسین طلعت 253 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ شان مسعود 134 رنز بناسکے۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر نادرن کی ٹیم نے 31 رنز پر تین وکٹیں گنوا دیں۔

دوسری جانب نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سینٹرل پنجاب کے 207 رنز کے جواب میں سندھ نے پہلی اننگز میں کھیل کے اختتام تک چھ وکٹوں پر 195 رنز بنا لیے۔ فواد عالم 90 رنز پر ناقابل شکست ہیں۔

یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس پر تیسرے میچ میں دوسرے دن کے اختتام پردوسری اننگز میں ایک وکٹ پر بلوچستان نے 34 رنز بنا کر 229 رنز کی مجموعی سبقت حاصل کر لی۔

اس سے قبل بلوچستان کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 362 رنز بنائے تھے جواب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم 167 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ منگل کو میچز کا تیسرا دن ہے۔