قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ: سندھ نے سنٹرل پنجاب کو ہرا دیا، بلوچستان بھی فاتح

Published On 28 October,2020 08:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوران سندھ نے سنٹرل پنجاب کو 6 وکٹوں سے زیر کر لیا جبکہ بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 186 رنز سے پچھاڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے دوران نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کو 6 وکٹوں سے زیر کر لیا، سنٹرل پنجاب نے میچ کے آخری روز سندھ کو جیت کے لیے پچاس اوورز میں 212 رنز کا ہدف دیا، جو سندھ نے چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، سعود شکیل نے 61 رنز بنائے، اسد شفیق 45 سکور بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل 32 رنزکے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے عثمان صلاح الدین اور محمد سعد کی 136 رنز کی شراکت داری کی بدولت اپنی دوسری اننگز میں 234 رنزبنائے، عثمان صلاح الدین 75 اور محمد سعد 59 رنز بنا پائے۔

اس سے قبل سنٹرل پنجاب کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 207 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ تابش خان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں تھیں، جواب میں فواد عالم کے 115 رنز کی بدولت سندھ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 239 رنز بنائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ: سدرن پنجاب نے ناردرن کو ہرا دیا، زاہد محمود کی دس وکٹیں

یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 18 رنز سے ہرا دیا، 413 رنز کے تعاقب میں کے پی کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 226 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، کپتان یاسر شاہ اور کاشف بھٹی نے دوسری اننگز میں چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ یاسر نے میچ میں مجموعی طور پر 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کے پی کے عادل امین 67 اور کامران غلام 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس سے قبل بسم اللہ خان کی سنچری اور کاشف بھٹی کے 98 رنز کی مدد سے بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 362 رنز بنائے تھے۔ کے پی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 167 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ خرم شہزاد نے 5 وکٹیں حاصل کیں تھی۔ جواب میں 195 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے میچ میں تیسرے روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کر کے کے پی کو جیت کے لیے 413 رنز کا ہدف دیا تھا۔