پہلا ون ڈے: شاہین شاہ آفریدی کی 5 وکٹیں، زمبابوے کیخلاف پاکستان سرخرو

Published On 30 October,2020 07:50 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) شاہین آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث زمبابوے کے خلاف بابراعظم کپتانی کے پہلے امتحان میں سرخرو ہو گئے، گرین شرٹس نے سیریز کا پہلا میچ 26 رنز سے جیت لیا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ہونے والے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 281 رنز بنائے، حارث سہیل 71 رنز بنا کر سرفہرست رہے، امام الحق نے 58 سکور بنائے اور اپنے کیریئر کی 7ویں ففٹی بنائی۔

دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی 21، کپتان بابراعظم 19، محمد رضوان 14، افتخار احمد 12، فہیم اشرف 23 اور عماد وسیم 34 رنز بنا سکے۔ موذرباجانی اور چیسورو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں 28 رنز پر دو وکٹیں گنوانے والی مہمان ٹیم نے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کی، تاہم ہدف کے قریب پہنچ کر زمبابوے کی ٹیم ہمت ہار بیٹھی، برینڈن ٹیلر نے 112 ، مادیورے 55 سکور بنا کر نمایاں رہے۔ شان ایورن نے 42 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔

مہمان ٹیم 255 رنز بنا سکی، قومی ٹیم کی طرف سے شاہین آفریدی نے 5 جبکہ وہاب ریاض نے 4 شکار کیے۔