راولپنڈی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کے علیم ڈار سب سے زیادہ 210 ون ڈے میچز سپروائز کرنے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے، انہوں نے یہ منفرد اعزاز پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران حاصل کیا۔
ان سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقی امپائر روڈی کرٹزن کے پاس تھا جنہوں نے 209 ون ڈے میں امپائرنگ کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ علیم ڈار سب سے زیادہ 388 انٹرنیشنل میچز میں بھی امپائرنگ کا ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ انہیں 132 ٹیسٹ، 210 ون ڈے اور 46 ٹی ٹونٹی میچز میں فرائض کی انجام دہی کا موقع ملا۔
ون ڈے کرکٹ میں امپائرنگ کا منفرد اعزاز ملنے کے بعد علیم ڈار نے اپنے مداحوں، پی سی بی، آئی سی سی اور اپنی فیملی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ والدین اس وقت دنیا میں نہیں جن کی کمی شدت سے محسوس کر رہا ہوں۔ اپنی کامیابی کو والدین کے نام کرتا ہوں کیونکہ فیملی اور مداحوں کی سپورٹ کے بغیر یہ سب ممکن نہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ خواہش تھی کہ کرکٹر بنوں، اسی لئے گوجرانوالہ سے لاہور آیا لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ سال 2000 میں امپائرنگ شروع کی، مکمل ایمانداری کے ساتھ کام کیا اور انٹر نیشنل کرکٹ میں کئی اعزازات اپنے نام کئے۔