قائد اعظم ٹرافی، سرفراز نے کے پی کے باؤلر کو نشانے پر رکھ لیا

Published On 02 November,2020 09:12 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں خیبر پختونخوا نے سندھ کے 361 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں چا ر وکٹوں پر 136 رنزبنالئے۔ اوپنر اسرار اﷲ 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل سندھ نے 6 وکٹوں پر 245 رنز کے ساتھ پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو سرفراز احمد نے اپنے انفرادی سکور میں 63 رنز کا اضافہ کر کے ناقابل شکست سنچری بنائی، کپتان 131 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور سندھ کی پوری ٹیم 127.5 اوورز میں 361 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جنوبی پنجاب نے بلوچستان کے 372 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنالئے، شان مسعودنے 62 رنز بنائے۔

اس سے قبل بلوچستان کی ٹیم میچ کے دوسرے دن پہلی اننگز میں صرف 75 رنز کا ہی اضافہ کرسکی اور پوری ٹیم 372 رنز پر آؤٹ ہوگئی، عمران فرحت نے 116 رنز کی اننگزکھیلی۔ دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار وسطی پنجاب کو 131 رنز کے خسارے کا سامنا ہے، 195 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی وسطی پنجاب نے کھیل کے اختتام تک دو وکٹوں پر 64 رنز بنالئے تھے۔

ناردرن کی ٹیم پہلی اننگز میں وسطی پنجاب کے 159 رنز کے جواب میں 354 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، عمر امین 94 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔