لاہور: (ویب ڈیسک) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں شریک تمام 132 کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور میچ آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ تمام افراد 6 نومبر سے شروع ہونے والے قائداعظم ٹرافی کے تیسرے راؤنڈ میں شرکت کریں گے۔
ایک فرد کے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر پی سی بی کے پروٹوکولز کے مطابق ایونٹ میں شریک باقی تمام افراد کے کوویڈ 19 ٹیسٹ منگل کی دوپہر کو کیے گئے۔ اس فرد کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پراسےٹیم ہوٹل میں قائم کردہ آئسولیشن روم منتقل کردیا گیا ہے۔ پی سی بی کے مقررہ ڈاکٹرز اس فرد کی صحت کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔
ندیم خان کا کہنا ہے کہ جب تک کورونا وائرس سے نجات کے لیے ویکسین تیار نہیں ہوجاتی، دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ بھی آئندہ کچھ عرصہ کورونا کے ساتھ ساتھ جاری رہنا ہے، اس سوچ، پاکستان کرکٹ کے مستقبل اور کھلاڑیوں کی صحت کو پیش نظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے کووڈ 19 کے لیے سخت پروٹوکولز تیار کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام پروٹوکولز بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دئیے گئے ہیں کیونکہ ہمارے لیے ان شرکاء کی صحت اور حفاظت ہی پہلی ترجیح ہے۔
ندیم خان نے کہا کہ پی سی بی سمجھتا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ ایک مشکل حالات میں کھیلی جارہی ہے اور ہم یہاں شریک تمام افراد کے تعاون کو سراہتے ہیں، ہم ان ایونٹس میں شریک تمام افراد کو ایک بار پھر یاد دہانی کرانا چاہتے ہیں کہ وہ ان مقابلوں کے لیے ترتیب کیے گئے کوویڈ 19 پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کریں کیونکہ یہ انہی کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر بنائے گئے ہیں۔
قائداعظم ٹرافی کا تیسرا راؤنڈ 6 نومبر سے شروع ہوگا ، 9 نومبر کو مکمل ہونے والے اس راؤنڈ کے بعد فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں 11 روزہ کا وقفہ ہوگا، اس دوران ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ 2020 کے باقی ماندہ چار میچز 14، 15اور 17 نومبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی کے شعبہ میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز کی جانب سے تیار کردہ کوویڈ 19 پروٹوکولز پر عملدرآمد کروانے کے لیے لاجسٹک ڈیپارٹمنٹ نے شرکاء کو فور اور فائیو اسٹار ہوٹل میں رہائش دے رکھی ہے، جہاں ان کے لیے گیم اور میٹنگ رومز کے علاوہ علیحدہ ڈائننگ روم موجود ہیں، اس کے علاوہ شرکاء کے استعمال میں آنے والی ٹیم بسیں اور ڈریسنگ رومز کو سینیٹائز کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں، پی سی بی کے شعبہ میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز اب تک ڈومیسٹک کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور میچ آفیشلز کے مجموعی طور پر 1091 کوویڈ19 ٹیسٹ کرواچکا ہے۔ڈومیسٹک سیزن کا آغاز 28 ستمبر سے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون سے ہوا تھا۔
اس حوالے سے تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں:
• نیشنل ٹی ٹونٹی کپ (فرسٹ اور سیکنڈ الیون) : 414
• قائداعظم ٹرافی (چار اور تین روزہ کرکٹ): 260
• نیشنل انڈر19 ون ڈے ٹورنامنٹ: 252
• ویمنز ہائی پرفارمنس کیمپ: 75
• میچ آفیشلز: 90
پاکستان اور زمبابوے کے مابین سیریز کے لیے کُل92 ٹیسٹ کروائے جاچکے ہیں جبکہ مختلف ایونٹس میں دیگر 295 ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔