استور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پورے ملک میں "گو نیازی گو" کا نعرہ لگ چکا، حکمران جس طرح آئے ہیں اسی طرح جائیں گے، سیاسی مخالفین سن لیں، سلیکٹر صرف عوام ہیں۔ حکومت نے گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کی تو عوام نہیں چھوڑے گی۔
گلگت بلتستان کے علاقے استور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان شیروں کی دھرتی ہے، گیدڑ صرف وعدے کرتے ہیں شیر نبھاتے ہیں۔ ہم وعدے کرنا اور ان کا نبھانا جانتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے لوگوں کو فور جی انٹرنیٹ ملنا چاہئے۔ چاہتی ہوں یونیورسٹی اور کالجز میں پڑھنے والی مقامی خواتین کو مفت لیپ ٹۡاپس دیئے جائیں۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ جس طرح آئے ہیں اسی طرح چلے جائیں گے۔ انہوں نے ایک والد کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا، مجھے حق کی آواز اٹھانے پر حراست میں لیا گیا۔ شیروں کی سرزمین پر کوئی گیدڑ حکومت نہیں کر سکتا۔ انسان حکومت اپنی عزت کیلئے کرتا ہے، ذلت کی حکومت سے عزت کی موت اچھی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پورا پاکستان اس جعلی حکومت کو بددعائیں دے رہا ہے۔ دواؤں کی قیمت میں 600 فیصد اضافہ ہو گیا، اب مرنا بھی آسان نہیں۔ پنجاب، سندھ، کے پی اور بلوچستان کے عوام رو رہے ہیں۔ نوازشریف نے پاکستان سے دہشت گردی اور مہنگائی کا خاتمہ کیا۔ اگر دھاندلی کی کوشش کی تو عوام تمھیں نہیں چھوڑے گی، ان کو گھروں تک پہنچا کر آئیں گے۔