سیاسی بہروپیوں کا جمہوری لبادہ اتر کر قوم کے سامنے آ رہا ہے: وزیر اطلاعات

Published On 12 November,2020 05:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ سیاسی بہروپیوں کا جمہوری لبادہ اتر کر قوم کے سامنے آ رہا ہے۔

مریم نواز کے انٹریو پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ ان کی نہ ایک سوچ ہے نہ کوئی نظریہ، انہیں صرف اپنا ذاتی مفاد عزیز ہے۔ آئے روز اپنے موقف سے پھرنے والے عوام کی رہنمائی کے لائق نہیں ہو سکتے۔

اس سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ بلاول، مریم ملاقات گلگت بلتستان انتخابات میں ان جماعتوں کی شکست کا پتا دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب یہ دھاندلی کا ڈھول پیٹنے کا نیا منصوبہ تیار کریں گے۔ ان کیلئے انتخابات صرف وہ شفاف ہے جس میں یہ جیتیں۔ایسی ملاقاتیں پی ڈی ایم کے تاریک مستقبل کو روشن نہیں بنا سکتیں۔

گزشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے لکھا تھا کہ بلاول کا انکوائری رپورٹ پر اتفاق اور نواز شریف کا اتفاق نہ کرنا پی ڈی ایم کے نفاق کا ثبوت ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اب انہیں دوسرے کے بعد ایک تیسرے میثاق کی بھی ضرورت پڑے گی۔جس تحریک کی نہ کوئی سمت ہو اورنہ ایک نظریہ اس کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم صفدر ایک مجرمہ ہیں، ان سے بات کرنے کو کوئی تیار نہیں: شہباز گل

اس سے قبل معاون خصوصی شہباز گل نے لیگی رہنما کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مریم صفدر ایک مجرمہ ہیں، ان سے بات کرنے کو کوئی تیار نہیں، ان کے والد کو سٹیبلشمنٹ یہاں تک لائی۔

معاون خصوصی شہباز گل نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم صفدر کا بیان ہے کہ وہ بات کرنے کو تیار ہیں، مریم صفدر جھوٹ کے سوا کچھ نہیں بولتیں، یہ سرٹیفائیڈ جھوٹی ہیں، ان کے منہ سے جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں نکلتا، ان کو رسیدیں دینی پڑیں گی۔

شہباز گل کا کہنا تھا یہ وہی مریم نواز ہیں جو کہتی تھیں میری لندن میں کوئی پراپرٹی نہیں، ان سانپوں کو جنہوں نے دودھ پلایا وہ انہیں اب نہیں پلائیں گے۔