اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ سٹیبلشمنٹ سے بات کیلئے شرط یہی ہے کہ حکومت کو گھر بھیجا جائے، بات اب عوام کے سامنے ہو گی، چھپ چھپا کر نہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ہمارے قریبی ساتھیوں سے رابطے کیے گئے ہیں، اسٹیبلشمنٹ نے میرے ارد گرد موجود بہت سے لوگوں سے رابطے کیے ہیں، میرے ساتھ براہ راست کسی نے رابطہ نہیں کیا۔
مریم نواز نے کہا فوج میرا ادارہ ہے، بات ضرور کریں گے لیکن آئین کے دائرہ کار میں رہ کر، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مذاکرات کے آغاز پر غور کیا جا سکتا ہے، ہم نے آگے بڑھنا ہے تو اس حکومت کو گھر جانا ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما نے مزید کہا عوام سے ڈائیلاگ اتنے اچھے ہو رہے ہیں کہ جعلی حکومت گھبرائی ہوئی ہے، یہ اتنا گھبرائے ہوئے ہیں کہ سمجھ نہیں آ رہی ردعمل کیسے دینا ہے، حکومت گھبراہٹ میں ایسی غلطیاں کر رہی ہے کہ عقل حیران رہ جاتی ہے، مسلم لیگ ن کی سیاست بند گلی کی جانب نہیں جا رہی، بند گلی میں وہ جا رہے ہیں جنہوں نے یہ مصنوعی چیز بنانے کی کوشش کی۔