انتخابی حلقہ ہنزہ 6: ملک کی تینوں بڑی جماعتوں سمیت 15 امیدوار مدمقابل ہونگے

Published On 11 November,2020 08:58 pm

لاہور: (دنیا الیکشن سیل) گلگت بلتستان کے انتخابات 2020ء میں حلقہ ہنزہ 6 میں انتخابی سرگرمیاں تیز ہو چکی ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے خاتون مہناز ولی پر بطور میدوار اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔

ہنزہ شہر کا یہ حلقہ رجسٹرڈ ووٹرز کے لحاظ سے گلگت بلتستان کا سب سے بڑا حلقہ ہے جہاں 43 ہزار 603 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے استعمال کریں گے۔ حلقہ ہنزہ خواتین ووٹرز کے لحاظ سے بھی گلگت بلتستان کا سب سے بڑا حلقہ ہے جہاں 21 ہزار 275 خواتین ووٹرز جبکہ 22 ہزار 328 مرد ووٹرز ہیں۔

15 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں اس حلقے سے 15 امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے 9 امیدوار ان آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اس حلقے میں کرنل (ر) عبید اللہ بیگ امیدوار ہیں، جو گلگت بلتستان سے پی ٹی آئی کے نائب صدر بھی ہیں۔

کرنل (ر) عبید اللہ بیگ اس سے قبل 2016ء کے ضمنی انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لے چکے ہیں، جس میں ان کو شکست ہوئی تھی۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے پرانے کارکن ریحان شاہ کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے دیرینہ کارکن اور پی پی پی ضلع ہنزہ کے صدر ایڈووکیٹ ظہور کریم کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ق نے سیاسی کارکن ریحان شاہ کو پہلی مرتبہ میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسی طرح برابری پارٹی پاکستان کی جانب سے حیدر علی کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ حلقہ 6 ہنزہ سے ایک اور امیدوار آصف سعید نے آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، تاہم عوامی ورکر پارٹی کی جانب سے ٹکٹ جاری کیے جانے پر وہ اس پارٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

اس حلقے میں آزاد امیدواران میں سے کامل علی جان پہلی بار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ آزاد امیدوار کامل علی جان حلقے کے ووٹرز میں سوشل ورکر اور عوامی ایشوز پر آواز اٹھانے کے حوالے سے پہچانے جاتے ہیں۔

انتخابی میدان میں واحد خاتون امیدوار مہناز ولی بھی حصہ لے رہی ہیں جن کا تعلق جمعیت علمائے اسلام سے ہے۔ مہناز ولی اس سے قبل 2009ء میں بھی جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے خواتین کی مخصوص نششت سے گلگت بلتستان اسمبلی کی ممبر رہ چکی ہیں۔

حلقہ ہنزہ 6 ضلع ہنزہ کا واحد حلقہ ہے۔ حلقہ ہنزہ میں اسماعیلی برادری کا بڑا اثر ورسوخ ہے، جس کے وجہ سے اسماعیلی ووٹ کسی بھی امیدوار کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس حلقے کے اہم علاقوں میں علی آباد، ناصر آباد، شمشال، کریم آباد، حیدر آباد، التیت اور گلمیت شامل ہیں۔ اس حلقے کی اہم برادریوں میں دہرا متنگ، برونگ، بررا تلنگ، خورکوز اور گنشکوز شامل ہیں۔

اس ضلع کی کل آبادی 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے اور بیشتر کا ذریعہ معاش کاشت کاری و تجارت ہے۔ ضلع ہنزہ میں 23 سکول و کالجز قائم ہیں اور یہاں کی شرح خواندگی تقریباً 72 فیصد ہے۔

قدرتی حسن سےمالا مال اور سیاحوں کی اولین ترجیح وادی ہنزہ بلتت فورٹ، التیت فورٹ، گنش گاؤں، پاسو کانز، بٹورا گلیشئر، کیفے دی ہنزہ اور پتھروں پر قدیم نقش گاری کی وجہ سے معروف ہے۔
 

Advertisement