لاہور: (دنیا الیکشن سیل) گلگت بلتستان کے انتخابی حلقے سکردو 2 کےانتخابی معرکے میں تحریک انصاف نے مجلس وحدت المسلمین کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کر دیا۔مذہبی اثر رسوخ کے حامل اس حلقے سے مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی مذہبی شخصیت کو ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے پرانے کھلاڑی پر ہی انحصار کیا ہے۔
سکردو حلقہ 2 میں کل 9امیدوار انتخابی معرکے میں حصہ لیں گےجن میں سے 4 آزاد امیدوار ہیں ۔اس حلقے میں امیدواروں کی جانب سے جاری انتخابی مہم میں زیادہ گرمجوشی نظر آ رہی ہے اور عوامی دلچسپی بھی دیگر حلقوں کی نسبت زیادہ ہے۔اس حلقے کا شمار بھی ووٹ کے تناسب سے گلگت بلتستان کے بڑے حلقوں میں ہوتا ہے۔سکردو شہر کے اہم علاقوں پر مشتمل اس حلقے میں 39 ہزار 567 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے استعمال کریں گے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 21 ہزار 851 ہے جبکہ 17 ہزار 716 خواتین ووٹرز ہیں۔
گلگت بلتستان انتخابات کیلئے سکردو حلقہ 2 میں کل 54 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 20 مردوں اور 19 خواتین کیلئے ہیں جبکہ 15 پولنگ اسٹیشن مخلوط ہیں۔ اس حلقے کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ گلگت بلتستان کیلئے مقرر کردہ خواتین کی دو نشستوں میں سے ایک نشست اسی حلقے سے ہے۔گلگت بلتستان انتخابات میں سکردو 2 وہ دوسرا حلقہ ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کوئی امیدوار اتارنے کے بجائے مجلس وحدت المسلمین کے امیدوار محمد کاظم کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان حلقہ 5 میں بھی تحریک انصاف ، مجلس وحدت المسلمین کے امیدوار کی حمایت کرچکی ہے۔اس حلقے میں مذہبی اثر رسوخ زیادہ ہے اور مجلس وحدت المسلمین نے گزشتہ انتخابات میں اس حلقے میں فتح حاصل کی تھی۔ محمد کاظم کو پہلی بار اس معرکے کیلئے میدان میں اتارا گیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سید محمد علی شاہ کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ ماضی میں سید محمد علی شاہ 2009 اور 2015 کے انتخابات میں مسلسل دوسرے نمبر پر رہے۔
مسلم لیگ ن نے محمد سعید کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔ محمد سعید اس سے قبل مجلس وحدت المسلمین کے کارکن تھے اور اسی پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابی معرکے میں شرکت کے خواہشمند تھے، البتہ پارٹی ٹکٹ جاری نہ کیے جانے پر انہوں نےمسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی اور اب شیر کے نشان پر انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔
اسلامی تحریک پاکستان نے سیاسی کارکن محمد شبیر کو پہلی مرتبہ میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرح آل پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے دیرینہ کارکن منظور حسین پر انحصار کیا گیا ہے جن کا یہ پہلا الیکشن ہے۔ سکردو حلقہ 2 میں آزاد امیدواران میں سے احمد خان پہلی بار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔یہ حلقہ سکردو شہر کے اہم علاقوں، نیو رنگا، شق تھنگ، گیول، کتپناہ، گمبہ سکردو، کواردو، قمراہ،بشو اور کچورا پر مشتمل ہے۔اس حلقے کی اہم برادریوں میں پُشتنی آبادی، سادات ، راجہ اور شینا شامل ہیں ۔ اس حلقے میں بھی مسلکی اثر رسوخ بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے مسلکی ووٹ کسی بھی امیدوار کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریگا۔