لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں مختلف ٹریفک حادثات 11 زندگیاں نگل گئے، ستائیس افراد زخمی بھی ہوئے، کراچی، لاڑکانہ، احمد پورشرقیہ، وہاڑی، پنڈی بھٹیاں اور مریدکے میں حادثات پیش آئے۔۔
تفصیلات کے مطابق مختلف ٹریفک حادثات میں 11 افراد جاں بحق ہوئے، 27 زخمی ہو گئے، کراچی میں سپر ہائی وے پر جامشورو جانے والی وین اورٹرک کےدرمیان تصادم کے نتیجے میں3 مسافر جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔
لاڑکانہ میں ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، باپ اورڈیڑھ سالہ بیٹا دم توڑ گئے۔ کنڈیارو میں ٹریلرنے تین موٹرسائیکل سواروں کی جان لے لی، وہاڑی میں خانیوال روڈ پرٹریکٹر ٹرالی کے نیچے آ کر2 موٹرسائیکل سوار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
احمد پور شرقیہ میں موٹر وے ایم 5 پر کار الٹنے سے ایک ہی خاندان کے5 افراد کو شدید چوٹیں آئیں۔ مریدکے میں جی ٹی روڈ پر ٹرک نے تین موٹر سائیکلوں کو روند دیا، واقعے میں ایک بچہ چل بسا، 6 افراد زخمی بھی ہوئے، پنڈی بھٹیاں میں 2 کاروں میں تصادم سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔