لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ خدمت کے سفر کے سامنے انتشار کی سیاست کی کوئی حیثیت نہیں، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے عام آدمی کے حقوق پر ڈاکا ڈالا۔
عثمان بزدار سے ایوان وزیر اعلی میں وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان اور رکن پنجاب اسمبلی رانا شہباز نے ملاقات کی، جس میں منتخب نمائندوں نے عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا ہے نہ کوئی پروگرام، عوام کی کمائی لوٹنے والے نئے روپ دھار کر پھر میدان میں آئے ہوئے ہیں، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں کھوکھلے نعرے لگائے، محب وطن عوام چور ٹولے کے جھانسے میں اب نہیں آئیں گے، پی ڈی ایم کے افراتفری پھیلانے کے مذموم عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن نے ہر موقع پر عوام کو گمراہ کرنے کیلئے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی، عوام کا مسترد شدہ ٹولہ ہمیشہ کے لئے سیاست سے آؤٹ ہوچکا ہے، وزیراعظم عمران خا ن نے موروثی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔