کراچی: (دنیا نیوز) سٹی کورٹ نے کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا مقدمہ سی کلاس قرار دے کر خارج کر دیا۔ پولیس نے مقدمے کا بی کلاس چالان پیش کیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ن لیگی رہنما اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کیخلاف مزار قائد کی بے حرمتی، املاک کو نقصان پہنچانے اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مقدمہ خارج کر دیا۔ پولیس نے مقدمے کا بی کلاس چالان پیش کیا تھا۔
عدالت نے کہا کہ ملزمان کے خلاف کوئی شواہد نہیں، مدعی مقدمہ کی جائے وقوعہ پر موجود گی ثابت نہ ہوسکی۔ ملزمان کیخلاف وقاص احمد کی مدعیت میں بریگیڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سندھ پولیس نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے اس کو بی کلاس قرار دے دیا تھا۔