نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی میت لندن سے وطن واپس لانے کی تیاریاں

Published On 23 November,2020 10:07 am

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی میت لندن سے وطن واپس لانے کی تیاریاں، بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی، ذاتی معالج کے منع کرنے پر نواز شریف کے پاکستان نہ آنے کا امکان ہے۔

قائد مسلم لیگ نون نواز شریف اور صدر نواز لیگ شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئیں، بیگم شمیم اختر طویل عرصے سے علیل تھیں، مرحومہ کو لاہور میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

مریم نواز کو پشاور جلسے میں دادی کے انتقال کی خبر دی گئی، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جیل میں اطلاع دی گئی، شہباز شریف والدہ کے انتقال کی خبر سن کر رو پڑے۔

پنجاب حکومت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہائی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر جیل پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو نمازجنازہ میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نواز شریف، شہاز شریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجارت بلند کرے۔

سیاسی رہنماؤں نے بھی نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ والدہ کے انتقال
سے اولاد بے مثال نعمت سے محروم ہو جاتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ شریف خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

سراج الحق، چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے بھی انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزرا شبلی فراز، شیخ رشید، اعجاز شاہ، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر، چودھری نثار علی خان نے بھی بیگم شمیم اختر کے انتقال پر شریف خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر سپریم کورٹ بار لطیف آفریدی، وکلا رہنماؤں نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
 

Advertisement