اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے کہا ہے کہ سندھ میں تعلیم، صحت سمیت عوام کے لئے بنیادی سہولیات ناپید ہوچکی ہیں، بلاول زرداری کے حکم پر صرف بلاول ہاؤس میں ترقیاتی کام ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گل نے مشیر وزیراعلی سندھ مرتضٰی وہاب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، تھر میں ایشیا کا سب سے بڑا آر او پلانٹ بھی ناکارہ ہوگیا، تین صوبوں سے شکست کھانے کے بعد گلگلت کی عوام نے بھی پیپلز پارٹی کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے ہر محکمے میں کرپشن کا راج ہے، بلاول زرداری جلسوں کے بجائے سندھ کی عوام کے مسائل حل کرائیں، بقیہ صوبوں کی طرح سندھ سے بھی آپ کا خاتمہ یقینی ہے، وفاق نے کورونا وبا میں سندھ کی عوام میں 60 ارب روپے تقسیم کئے۔ سندھ حکومت نے بارہ سالوں میں کراچی میں ایک بس بھی نہیں چلائی، وفاق نے کراچی سرکل ریلوے چلا کر عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا ہے۔