افغان صدر کی جانب سے پاکستانی قیدی چھوڑنے کا فیصلہ، دفتر خارجہ کا خیر مقدم

Published On 24 November,2020 09:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے پاکستانی قیدی چھوڑنے کے بارے افغانستان کے صدر اشرف غنی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افغان صدر اشرف غنی کے حکم کا خیر مقدم کرتا ہے۔ ان قیدیوں کو رہائی ملے گی جو جرمانہ ادا نہیں کر سکتے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معافی سے وہ پاکستانی قیدی بھی فائدہ اٹھا سکیں گے جن کی سزا ایک ماہ سے کم رہ گئی ہوگی۔ پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہونے والے اس فیصلے کو سراہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کو سہولت ملے گی۔ پاکستان دونوں ممالک کی عوام کے فائدہ اور سہولت کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان صدر کا پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان

خیال رہے کہ گزشتہ روز افغان صدارتی محل کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا کہ ان پاکستانی قیدیوں کو ہمسایہ ملک سے بہتر اور مضبوط تعلقات کے تناظر میں رہا کیا جائے گا۔ ان میں ایسے قیدی جن کی سزا ایک ماہ کی باقی ہے یا ایسے پاکستانی قیدی جو جرمانے کی سزا ادا نہیں کر سکے، انہیں بھی اس حکم کے تحت رہا کیا جائے گا۔