انڈین سفارتکارکی دفترخارجہ طلبی،4 معصوم شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج ریکارڈ

Published On 13 November,2020 10:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے پاکستان میں تعینات انڈین سفارتکار کو طلب کرکے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ اور اس کے نتیجے میں 4 شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

خیال رہے کہ انڈیا کی بزدل قابض فوج نے آج ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔ اس جارحیت میں 4 شہری شہید جبکہ 12 شدید زخمی ہو گئے تھے۔

قابض انڈٰین فوج کی جانب سے وادی نیلم، وادی لیپا، وادی جہلم اور باغ میں ٹارگٹ کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنایا اور 2003ء میں کئے گئے معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا مرتکب ہوا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض انڈٰین فورسز ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل شہری آبادی کو آرٹلری فائر، ہیوی مارٹرز اور آٹومیٹک ہتھیاروں سے نشانہ بنا رہی ہے۔

رواں سال اب تک انڈیا کی جانب سے 2737 مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے۔ اس اشتعال انگیزی کی وجہ سے اب تک 25 شہری جام شہادت نوش جبکہ 218 زخمی ہو چکے ہیں۔

 

Advertisement