اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق پاکستان کا موقف واضح ہے۔
تفصیل کے مطابق پاکستان کی جانب سے اسرائیل کی ریاست کو تسلیم کرنے کی افواہوں پر ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے وضاحتی بیان جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے ایسی تمام قیاس آرائیوں کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کے بیانات واضح اور غیر متزلزل ہیں۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور فلسطینیوں کے لیے قابل قبول حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قطعی طور پر فلسطینی عوام کے جائز حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے۔ مسئلہ فلسطین کے دیرپا امن کے لیے یو این قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ضروری ہے۔ پاکستان 1967ء کی سرحدوں اور دارالخلافہ القدس الشریف پر مشتمل آزاد ریاست فلسطین کا حامی ہے۔