اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی تاہم اجلاس میں اپوزیشن کا کوئی رہنما شریک نہیں ہوا، اپوزیشن کورونا جیسے معاملے پر سیاست نہ کرے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے کورونا کے پہلی لہر پر کامیابی سے قابو پایا، دوسری لہر کے اعدادوشمار صورتحال کی سنگینی واضح کرتے ہیں۔ پالیمانی کمیٹی اجلاس میں اپوزیشن نے شرکت نہ کر کے سیاست کی۔ اپوزیشن تعاون کرے تا کہ قومی ایشوز پر معاملات مشاورت سے آگے بڑھیں، حکومت کورونا جیسے سنجیدہ معاملے پر یک طرفہ فیصلے نہیں کرنا چاہتی۔
واضح رہے کہ اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی برائے کورونا کا آج اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کا کوئی نمائندہ شریک نہ ہوا۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے خود رابطہ کیا اور اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔