لندن: (دنیا نیوز) برطانوی وزیراعظم نے آئندہ ماہ سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کردیا، جرمنی میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث اسمارٹ لاک ڈاؤن میں اضافے کا امکان ہے۔
بورس جونسن نے 2 دسمبر سے پابندیاں نرم کرنے کا اعلان کیا، برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کے لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج برآمد ہوئے جس کے بعد پابندیاں نرم کی جارہی ہیں۔ برطانیہ میں 2 دسمبر سے گھر تک محدود رہنے کی پابندی ختم کر دی جائے گی، دکانیں، چھوٹے کاروبارکھل سکیں گے، حجام کی دکانوں پر بھی پابندی ختم ہوجائے گی۔
دوسری جانب جرمنی میں صورتحال مختلف ہے جہاں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث کرسمس کی تیاریاں ماند پڑ گئی ہیں، کرسمس مارکیٹس میں خریدار نہ ہونے کے برابر ہیں، کئی مارکیٹس مکمل بند ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بیمار ہونے سے احتیاط بہتر ہے، گزشتہ سال برلن میں کرسمس کی بھرپورخوشیاں منائی گئی تھیں جبکہ برینڈن برگ گیٹ پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا تھا۔