پشاور: (دنیا نیوز) وزیر تعلیم خیبر پختونخوا شہرام ترکئی نے کہا ہے کہ بچوں اور اساتذہ کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ہفتےمیں ایک کلاس کے بچے اسکول آئیں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد کریں گے، کسی ادارے کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوردرازعلاقوں کے بچے ہفتے میں ایک روز اسکول آئیں گے، والدین کو سرگرمیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 59 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 803 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار 892 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 15 ہزار 786، سندھ میں ایک لاکھ 66 ہزار 33، خیبر پختونخوا میں 45 ہزار 314، بلوچستان میں 16 ہزار 891، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 573، اسلام آباد میں 27 ہزار 979 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 316 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 97 ہزار 703 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 583 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 32 ہزار 974 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 867 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 59 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 803 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 904، سندھ میں 2 ہزار 858، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 339، اسلام آباد میں 291، بلوچستان میں 164، گلگت بلتستان میں 96 اور آزاد کشمیر میں 151 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔