سندھ حکومت نے تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

Published On 25 November,2020 06:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) این سی او سی فیصلوں کے تناظر میں سندھ حکومت نے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے فیلڈ دفاتر محدود عملے کے ساتھ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

محکمہ کالج اور سکولز اینڈ ایجوکیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نجی اور سرکاری سکولز میں تدریس چھبیس نومبر سے دس جنوری دو ہزار اکیس تک معطل رہے گی۔

طلبہ کو ہوم آن لائن ٹیلی لرننگ کے ذریعے تعلیم دی جائے گی۔ آن لائن تدریسی عمل موسم سرما کی تعطیلات میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ تاہم تعلیمی سال میں بچوں کے تعلیمی نقصان کو پورا کرنے کے لئے متبادل طریقہ تدریس اختیار کیا جائے گا۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے محکمہ تعلیم کی صوبے بھر میں فیلڈ دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر کے فیلڈ دفاتر معمول کے مطابق سے کھلے رہیں گے لیکن ہر دفتر میں دو افسران ایک نائب قاصد ملازمت کے فرائض سرانجام دیں گے جنہیں محکمہ صحت کی ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کرنا ہوگا۔
 

Advertisement