لاہور: جیل روڈ پر رکنے کا اشارہ، شہری نے ٹریفک وارڈن پر کار چڑھا دی

Published On 28 November,2020 02:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کو روکنا ٹریفک وارڈن کو مہنگا پڑ گیا۔ کالے شیشے لگانے والی کار کو رکنے کا اشارہ کرنے پر شہری نے ٹریفک اہلکار پر گاڑی چڑھا دی۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔

لاہور کے جیل روڈ پر شہری نے ٹریفک وارڈن پر کار چڑھا دی۔ وارڈن نے گاڑی کے بونٹ پر چڑھ کر اپنی جان بچائی۔ ٹریفک اہلکار کو کالے شیشے والی گاڑی کو روکنا مہنگا پڑا۔ وارڈن وسیم نے کالے پیپر والی گاڑی کو اشارے سے روکا تھا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی بجائے وارڈن پر چڑھا دی۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ سید حماد عابد نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ سی ٹی او کے حکم پر نامعلوم کار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

سید حماد عابد کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آڑے ہاتھوں نمٹا جائے گا۔
 

Advertisement