کورونا کا 70 فیصد پھیلاؤ ملک کے پانچ بڑے شہروں سے ہو رہا ہے: این سی او سی

Published On 29 November,2020 06:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کا 70 فیصد پھیلاؤ ملک کے پانچ بڑے شہروں سے ہو رہا ہے جن میں راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی، حیدر آباد اور پشاور شامل ہیں۔

سرکاری میڈٰیا کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو آج بتایا گیا کہ اس ہفتے شرح اموات چھیالیس رہی اور ہسپتالوں میں اوسطاً دوسو سینتیس مریض داخل کئے گئے۔ این سی او سی کو بتایا گیا کہ ضرورت کے مطابق طبی سازوسامان دستیاب ہے اورباقاعدہ ترسیل کا انتظام بھی موجود ہے۔ فورمز نے مرض کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے احتیاطی تدابیر کے سختی سے نفاذ کی ہدایت کی۔

ادھر این سی او سی نے کورونا وائرس سے اموات کے اعدادوشمار بھی جاری کر دیے ہیں۔ ان میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں مہلک وبا سے اب تک 7 ہزار 985 افراد جاں بحق ہوئے۔ کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 2 ہزار 979 ہوئیں۔

سندھ میں کورونا وائرس سے 2 ہزار 911، خیبر پختونخوا میں 1 ہزار 359 اور بلوچستان میں 166 اموات اب تک رپورٹ ہو چکی ہیں۔

این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد میں 309 ، آزاد کشمیر میں 164 اور گلگت بلتستان میں 97 اموات ہوئیں۔ شہروں کے لحاظ کراچی میں سب سے اموات 2 ہزار 536 ہوئیں جبکہ لاہور میں اب تک کورونا کے باعث 1 ہزار 250 اموات ہو چکی ہیں۔
 

Advertisement