وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری کی منظوری دیدی

Published On 01 December,2020 05:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری کی منظوری دیتے ہوئے اس کے لیے 15 کروڑ ڈالر روپے مختص کر دئیے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی اور مجموعی صورت حال سمیت 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نجی ایئر لائن ایئر سیال کے لائسنس کی منظوری بھی دی۔ وزیراعظم عمران خان 9 دسمبر کو سیالکوٹ کا دورہ کرکے خود ائیر لائن کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

کابینہ اجلاس میں سٹیل ملز ملازمین کو گولڈن شیک ہینڈ دینے سمیت مختلف اداروں کی نجکاری کی منظوری دی گئی۔ ایم کیو ایم کی جانب سے ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کی مخالفت کی گئی۔

وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس ایک منافع بخش ادارہ ہے جو حکومت کے منشور کے مطابق لوگوں کو سہولت فراہم کر رہا ہے۔ کابینہ کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی، راوی اربن ڈویلپمنٹ اور بنڈل آئی لینڈ پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں پی ڈی ایم کے ملتان جلسے کا ذکر بھی ہوا۔ کابینہ اراکین نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پی ڈی ایم کے جلسے قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ اپوزیشن کے ایسے اجتماعات سے مزید کورونا پھیلے گا۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ایسے اجتماعات سے اجتناب کرنا ہوگا۔

کابینہ اجلاس میں سردی میں گھریلوصارفین کو گیس کی فراہمی کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور گیس لوڈ مینجمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ آئندہ اجلاس میں طلب کی ہے۔

اجلاس میں فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے معاملے پر کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔ وفاقی کابینہ نے نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری بھی دی۔
 

Advertisement