وفاقی حکومت کا مسابقتی کمیشن کو خود مختار بنانے کا فیصلہ

Published On 01 December,2020 09:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کا مسابقتی کمیشن کو خود مختار بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، ملک کے 5 بڑے ریگولیٹرز سے 3 فیصد فنڈ مسابقتی کمیشن کے دینے کی منظوری دے دی گئی ہے اور اس سلسلے میں نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مسابقتی کمیشن کی مالی خودمختاری سے ادارہ مزید مستحکم ہوگا، وفاقی کابینہ نے سی سی پی کے موقف کی واضح حمایت کردی ہے۔ کابینہ نے فوری طور پر ایک ایس آر او کے اجراء کی منظوری دے دی۔

پانچ ریگولیٹر ز (ایس ای سی پی، اوگرا،پی ٹی اے ، نیپرا،پیمرا) کو 3 فی صد فیس کی رقم سی سی پی کو دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ ریگولیٹرز مالی سال 2009-2010 سے ان کی عائد کردہ فیسوں اور محصولات سے تین فیصد فیس کمیشن کو ادا کریں گے۔

اس سلسلے میں وزات خزانہ نے 27نومبر 2020کو گزٹ نوٹیفیکیشن کے لئے ایک ایس آر او بھی جاری کردیا ہے۔ ان پانچ ریگولٹرز کے بینکرز کو ہر سہ ماہی کے بعد مہینے کے پہلے دس دنوں میں سرپلس کو فیڈرل کونسولیڈیٹڈ فنڈ میں جمع کرانے سے قبل، ٹوٹل فیس اور چارجز کا تین فی صد سی سی پی کے پاس جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔