ضلعی انتظامیہ کا پی ڈی ایم کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار

Published On 01 December,2020 10:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ضلعی انتظامیہ نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد نے 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے کے رہنما رانا مقبول، سابق مئیر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید، رکن صوبائی اسمبلی سمیع اللہ خان، راجہ خرم اور امتیاز الہیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو مینار پاکستان پر جلسے کی درخواست دی تھی۔

تاہم ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے موجودہ تناظر میں جلسے کی اجازت دینے سے صاف صاف انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جلسہ ہونا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ پنجاب حکومت نے کرنا ہے۔ یہ سابق حکومت کا ہی فیصلہ ہے کہ گریٹر اقبال پارک میں جلسے نہیں ہو سکتے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے حکومت کی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کرنا ہے۔ یہ کس طرح ممکن ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جلسے کی اجازت نہ ملنے پر ردعمل دیتے ہوئے سابق مئیر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید کا کہنا تھا کہ مینار پاکستان میں علامہ خادم حسین رضوی کا جنازہ اور منہاج القرآن کا اجتماع ہو چکا ہے۔ حالیہ ایونٹس کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ ن کو بھی اجازت ملنی چاہیے۔

لیگی رہنما سمیع اللہ خان نے بھی اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ضابطے کی کارروائی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو جلسے کے لیے درخواست دی تھی۔ حکومت اجازت دے یا نہ دے جلسہ ہر صورت مینار پاکستان پر ہی ہو گا۔

سمیع اللہ خان کا کہنا تھا کہ 13 دسمبر کو لاہور کا جلسہ تاریخی اور فیصلہ کن ثابت ہوگا۔ حکومت نے ملتان جلسے کی اجازت نہ دے کر پورے ملتان کو ہی جلسہ گاہ بنا دیا تھا۔ مینار پاکستان پر جلسے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو پورا لاہور جلسہ گاہ میں تبدیل ہو جائے گا۔
 

Advertisement