ملتان : (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جلسہ گاہ کی طرف جانے کیلئے باہر آ گئے، ساتھیوں کےساتھ جلسہ گاہ جائیں گے، اس وقت تک واپس نہیں جائیں گے جب تک جلسہ نہ کرلیں۔
بتایا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ملتان میں اپنے بیٹے کی رہائش گاہ سے جامعہ قاسم العلوم روانہ ہو گئے جہاں سے وہ کچھ دیر بعد جلسہ گاہ کی جانب چلے جائیں گے۔ ملتان میں جلسے سے متعلق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کشمکش جاری ہے۔ معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ حکومت نے ملتان جلسے کے راستے میں تمام رکاوٹیں ہٹا دیں جبکہ پی ڈی ایم کے رہنماوں کی جانب سے جلسہ روکنے کی بھرپور حکومتی کوششوں کے دعوے کئے جا رہے ہیں۔
قبل ازیں جلسے میں شرکت کیلئے پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری کراچی سے ملتان پہنچ گئیں۔ صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعیدغنی، وزیر اطلاعات سندھ ناصرشاہ، ایم این اے شگفتہ جمانی بھی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔ آصفہ بھٹو زرداری چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ملتان پہنچیں۔ آصفہ بھٹو پیپلزپارٹی جلسے میں بلاول بھٹو کی نمائندگی کریں گی، وہ جلسے میں پی ڈی ایم قیادت کا استقبال کرینگی۔