ملتان: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت ریاستی دہشتگردی پر اتر آئی ہے، عوام رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ پہنچیں، کل جلسہ ضرور ہوگا۔
ملتان میں پی ڈی ایم رہنماوں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ملتان میں کارکنان کو گرفتار کیاجارہا ہے، کوئی ڈنڈا استعمال کرے گا تو کارکنان کو بھی ڈنڈا استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے جنگ چھیڑی تو ہم نے بھی چھیڑ دی۔ کوئی طاقت پی ڈی ایم جلسے کو نہیں روک سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ہر طرح کی صورت حال سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی۔ اگر انہوں نے جلسے کی اجازت نہیں دی تو ہر ضلع جلسہ گاہ بن جائے گا۔ ہم نے جنوری میں لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا لیکن شائد حکومت جلد چاہتی ہے، لاقانونیت کی اجازت نہیں دیں گے۔
ن لیگی رہنما رانا ثنا نے کہا کہ تحریک حکومت کی اجازت سے شروع نہیں کی، مریم نواز کل ہر قیمت پر ملتان پہنچیں گی، عمران خان کو نہیں چھوڑیں گے۔ رات اسد عمر نے ورکرز کنونشن کیا وہاں کورونا کہاں تھا، عمران خان نے سیاست میں رواداری ختم کر دی.
پی پی رہنما یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت نے جلسہ ہونے سے پہلے ہی کامیاب کر دیا، آصفہ بھٹو کل جلسے سے خطاب کریں گی۔