ملتان: (دنیا نیوز) کارکنوں کی پکڑ دھکڑ پر پی ڈی ایم قیادت بھی متحرک ہو گئی، ملتان میں مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں آج اجلاس آج ہو گا، یوسف رضا گیلانی، انس نورانی، رانا ثنااللہ اور ساجد میر سمیت دیگر رہنما بھی شرکت کریں گے۔
پی ڈی ایم رہنماوں نے اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ حکومت کی جانب سے ملتان میں 40 سیاسی کارکنان کی پولیس کے ساتھ جھڑپ کے دوران گرفتاری کے بعد کیا گیا ہے۔ اجلاس میں حکومتی اقدامات سے متعلق جوابی حکمت عملی تیار کرنے کا امکان ہے۔
سیاسی کارکنان نے گیلانی ہاوس سے ایک ریلی نکالی تھی جو چوک گھنٹہ گھر پہنچی تو پولیس کے ساتھ آمنا سامنا ہو گیا، پولیس نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی کو بھی گرفتار کیا تھا جن کے خلاف 30 دن کی نظر بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
دریں اثنا پولیس کی جانب سے 300 سیاسی کارکنان کے خلاف توڑ پھوڑ کے الزام میں ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔