لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم کو ملتان جلسے میں شرکت کی ہدایت کر دی ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ کرے گی۔
مریم نواز کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میں اپنے والد نواز شریف کی ہدایت پر ملتان جلسے میں شرکت کروں گی۔ والد صاحب نے کہا ہے کہ ذاتی رنج وغم بھول کر جلسے میں شرکت کریں۔
لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ دکھ اورغم اپنی جگہ پر اس وقت قومی جدوجہد کر رہے ہیں۔ یہ جدوجہد ہماری ذاتی نہیں بلکہ قومی ہے، اسے نتیجہ خیز بنانا ہے۔
اس سے قبل جاتی امرا میں صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے چچا شہباز شریف اپنے بڑے بھائی سے وفاداری کی وجہ سے قید کاٹ رہے ہیں۔ حمزہ شہباز کو بھی اسی بات کی سزا دی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کے ملک کے حالات ہو چکے ہیں، اس میں حکومت کا جانا بنتا ہے۔ میرا تجزیہ ہے کہ حالات بہت خراب ہیں، حکومت مزید نہیں چل سکتی۔ گیس کا بحران آنے والا ہے، بجلی کے بل ایک ایک لاکھ روپے آ رہے ہیں۔ آج اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہے جبکہ کشمیر کا آپ مقدمہ ہار چکے ہیں۔