ملتان: پیپلزپارٹی کے رہنما علی موسیٰ اور پی ڈی ایم کے گرفتار رہنما ضمانت پر رہا

Published On 26 November,2020 10:49 am

ملتان: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے علی موسیٰ گیلانی سمیت بغیر اجازت ریلی نکالنے پر گرفتار پی ڈی ایم کے 7 رہنماوں کو علاقہ مجسٹریٹ نے ضمانت پر رہا کر دیا۔

 پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے علی موسیٰ گیلانی سمیت پی ڈی ایم کے رہنماؤں کو گزشتہ روز بغیر اجازت ریلی نکالنے پر پولیس نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد پولیس کی جانب سے علی موسیٰ گیلانی سمیت گرفتار کئے گئے تمام رہنماؤں کو آج علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

علاقہ مجسٹریٹ جواد ظفر نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد علی موسیٰ گیلانی سمیت پی ڈی ایم کے گرفتار تمام رہنماؤں کی ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض فوری ضمانت کے احکامات جاری کیے جس پر عدالت کے اندر ہی علی موسیٰ گیلانی کی ہتھکڑیاں کھول دی گئیں۔

رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی موسیٰ گیلانی کا کہنا تھا کہ انہیں عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے پر گرفتار کیا گیا، ملتان شہر ڈپٹی کمشنر کی جاگیر نہیں بلکہ عوام کی جاگیر ہے تاہم 30 نومبر کو پی ڈی ایم کا جلسہ لازمی ہوگا۔ پی ڈی ایم کے رہنماؤں کی رہائی کے بعد کارکنان اور جیالوں نے احاطہ عدالت کے اندر علی موسیٰ گیلانی کے حق میں نعرے بازی کی۔

واضح رہے 30 نومبر کو پی ڈی ایم نے قلعہ کہنہ قاسم باغ پر سیاسی پاور شو کرنا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ نے کورونا پابندیوں کے باعث تاحال جلسے کی اجازت نہیں دی، مختلف شاہراہوں پر کنٹینر بھی لگا دیئے ہیں۔

 

Advertisement