پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کیخلاف تحریک کو اعلان جنگ قرار دیتے ہوئے اس سے پیچھے ہٹنا گناہ کبیرہ قرار دیدیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج پی ڈی ایم جلسے میں پشاور کے عوام نے ریفرنڈم کر دیا۔ حکمران جماعت آج کے جلسے سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فقید المثال جلسے کے لیے پی ڈی ایم قائدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال کر اظہار تعزیت بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے دن اعلان کہا تھا کہ الیکشن میں بدترین دھاندلی کی گئی، آج وہ آواز پوری قوم کی متفقہ آواز ہے۔ جلسوں سے آج حکمران جماعت بوکھلائی ہوئے ہے۔ جنگ کا اعلان کر چکے ہیں، میدان جنگ سے پیچھے ہٹنا گناہ کبیرہ ہے، ان کا کسی سے واسطہ نہیں پڑا تھا۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ دھاندلی کرنے والا بھی معلوم ہے، اور جو کرنے والا ہے، اس کا بھی سب کو علم ہے۔ فوج کا احترام کرتے ہیں، وہ ہمارا دفاعی ادارہ ہے، اگر وہ سیاسی ادارہ بننے کی کوشش کرے گا تو اسے تنقید برداشت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ دو سال میں پاکستان کی معشیت کو تباہ کر دیا گیا۔ کسی ملک کی معشیت گرتی ہے تو وہ ریاست باقی نہیں رہتی۔ ریاست کا دارومدار مستحکم مشعیت پر ہوتا ہے۔