حکومتی رکاوٹوں کے باوجود پی ڈی ایم کا جلسہ قلعہ کہنہ قاسم باغ میں ہی ہو گا: یوسف گیلانی

Published On 27 November,2020 01:59 pm

ملتان: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کی رکاوٹوں کے باوجود پی ڈی ایم کا جلسہ ہرصورت قلعہ کہنہ قاسم باغ میں ہی ہو گا جس میں آصفہ بھٹو زرادری اور مریم نواز شریف خطاب کریں گی۔

ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے حکومت دُہرے معیار کا شکار ہوچکی ہے، اسی لیے جماعت اسلامی کو جلسوں کی اجازت ہے لیکن پی ڈی ایم کیخلاف مقدمات درج کرائے جا رہے ہیں اور ایسا امریت کے دور میں بھی نہیں ہوا، اسی لیے کارکنان منظم ہیں اور جس کی وجہ سے قلعہ کہنہ قاسم باغ کا جلسہ ہر صورت کامیاب ہو گا۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جلسے کے سلسلے میں کنٹینرز پہنچانے کا وعدہ پورا کر دیا جس کی وجہ سے جلسہ گاہ کی تما م شاہراہیں بند ہو چکی ہیں اور باقی کھانا پہنچانے کا بھی وعدہ پورا کریں تاکہ اپوزیشن کو امریت کے دور کی یاد تازہ ہو سکے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر کارکنا ن کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کرے اور گرفتار کارکنان کو بھی فوری رہا کرے۔
 

Advertisement