لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور کا جلسہ ووٹ چور حکومت کے خلاف عوام کے فیصلہ کن ردعمل کا آغاز ہوگا، پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف فیصلہ کن مرحلے کی تیاریاں شروع کر دیں۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی طرف سے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی مقامی قیادت کا اہم اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں یو آئی (ف) کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالغفور حیدری، پی پی کے حاجی عزیز الرحمن چن، جے یو آئی (ف) کے ڈاکٹر عتیق، اے این پی کے امیر بہادر ہوتی، نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر کبیر شریک ہوں گے، جس میں 13 دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے سے متعلق مشاورت ہوگی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا اجلاس میں 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا جائیگا، حکومت کی جانب سے ممکنہ رکاوٹوں اور ان کے مقابلے کے لئے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔