13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ ضرور ہوگا، پی ڈی ایم رہنماؤں کا اعلان

Published On 02 December,2020 05:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ ہر صورت ہوگا۔ اگر کوئی تصادم ہوا تو تمام ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

لاہور ماڈل ٹاؤن میں پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے 13 دسمبر کے جلسے کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔ ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مینار پاکستان میں جلسہ ہر صورت ہوگا۔ اگر رکاوٹ ڈالی گئی اور تصادم ہوا تو اس کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔

جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کا بیانیہ ایک ہے۔ حکومت نے کچھ کیا تو ہمارے ساتھ بھی ڈنڈا بردار ہوں گے۔ چودھری منظور نے کہا کہ حکمران اپنے ہر وعدے سے مکر چکے ہیں۔ ہمارے گرفتار ساتھیوں کو رہا کیا جائے۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں نے سٹیل ملز کے 4500 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنے کی بھی شدید مذمت کی۔

 

Advertisement