اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر دس جلسے کرلیں، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی و پارٹی ترجمان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ مجھے جانتے نہیں، میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، اپوزیشن کرپشن بچانے کے لیے اب عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرسی چھوڑ دوں گا لیکن کرپشن معاف نہیں کروں گا: وزیراعظم کا واضح اعلان
لیگی قائد کی طرف اشارہ کر کے عمران خان نے کہا کہ خود ان کا سارا خاندان باہر بیٹھا ہے، یہاں عوام کو اپنے لیے استعمال کررہے ہیں۔ مینار پاکستان پر دس جلسے کرلیں، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہمیں عوام کی فکر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جلسہ نہیں روکیں گے، انکی خواہش ہے کہ حکومت جلسہ روکے، جلسے کو سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کریں گے۔ اپوزیشن تصادم چاہتی ہے، تصادم کا موقع فراہم نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فردوس عاشق کا جاندارمظاہرہ، زور دار پنچ سے ٹائلز کرچی کرچی کر دیں
اجلاس کے دوران معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی فٹبال کک اور جوڈو کا بھی ذکر ہوا جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے دیکھا ہے کہ فردوس پنجاب جاکر بہت ایکٹو ہو گئی ہیں، تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لوگوں کو اسی جنون کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں لاہور میں سرکاری زمینوں پر قبضے کیخلاف جاری آپریشن پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن ملک بھر میں تیز کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کرپشن اور منشیات پورے معاشرے کیلئے ناسور، کرپٹ عناصر کو برا سمجھنا ہوگا: وزیراعظم
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر جگہ قبضہ مافیا کے پیچھے سیاسی لوگوں کا ہاتھ ہے۔ انکو خوف ہے کہ حکومت چلتی رہی تو انکے کارنامے سامنے آتے رہیں گے، سارے ملکر زور لگا رہے ہیں کہ حکومت چلی جائے اور انکی چوری بچ جائے، کسی سیاسی یا قبضہ مافیا کو این آر او نہیں ملے گا۔