اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پی ڈی ایم کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں بلاول بھٹو، مریم نواز، یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان اور شاہد خاقان سمیت مرکزی رہنما شریک ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں 13 دسمبر کو لاہور میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے لائحہ عمل کے علاوہ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے 31 دسمبر تک اپوزیشن جماعتوں کے استعفوں کے حوالے سے بھی معاملات پر تبادلہ خیال جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے جلسے میں رکاوٹیں ڈالنے کے خلاف متبادل پلان بھی زیرغور ہے۔
قبل ازیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ نے شرکت کی اور ملکی سیاسی صورت حال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران اسمبلیوں سے استعفوں سے متعلق پارٹی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔