لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی زیر صدارت لاہور میں پارٹی اجلاس جاری ہے جس میں 13 دسمبر کے جلسہ کے انتظامات سمیت سیاسی صورتحال پررہنما مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس میں پارٹی رہنما برجیس طاہر، رانا ثنااللہ اور مصدق ملک سمیت دیگر موجود ہیں جو اپوزیشن اراکین اسمبلی کے استعفوں اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے متوقع گرفتاریوں سے متعلق لائحہ عمل بھی زیرغور ہے۔ قبل ازیں پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز آج گجو متہ سے داتا دربار ریلی کی قیادت کریں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، آپ ایف آئی آر کاٹیں، ہم فریم کرا کے گھر میں لگائیں گے، گلے کا ہار بنائیں گے، یہ نفسیاتی اور جمہوری جنگ ہار چکے ہیں، استعفعوں سے پہلے گھر جانے والے ہیں، مینار پاکستان گراؤنڈ میں 13 دسمبر کو جلسہ ہوگا، عوام آٹا، چینی اور ووٹ چوروں سے چھٹکارا حاصل کرے گی۔
دوسری جانب مریم نواز کی ریلی کے لئے گجومتہ پر سٹیج لگ گیا، ان کے استقبال کے لئے کارکنوں کی آمد جاری ہے۔ ریلی سے قبل لیگی متوالے بھنگڑے ڈال کر جی بہلا رہے ہیں جبکہ سفید رنگ کے گھوڑوں پر سوار کارکنان رہنماوں کے حق میں نعرے بازی بھی کر رہے ہیں۔